ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / الیکشن کمیشن مودی کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکا ہے: ویرپا موئیلی

الیکشن کمیشن مودی کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکا ہے: ویرپا موئیلی

Wed, 25 Oct 2017 04:38:13    S.O. News Service

بنگلورو۔24؍اکتوبر(ایس او  نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر ایم ویرپا موئیلی نے کہاہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن جیسا آئینی ادارہ مرکزی حکومت کی دھن پر ناچتا نظر آرہاہے، جوکہ ملک کے جمہوری نظام کیلئے مضر ہے۔ اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ویرپا موئیلی نے جو کے پی سی سی کی انتخابی منشور کمیٹی کے چیرمین بھی ہیں کہاکہ گجرات اسمبلی انتخابات کے اعلان میں الیکشن کمیشن کی طرف سے کی جارہی تاخیر اور اس تاخیر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم مودی کی طرف سے اس ریاست میں مختلف منصوبوں کا افتتاح اور اعلانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکا ہے۔اس کے باوجود بھی کانگریس کو یقین ہے کہ گجرات اور کرناٹک کے عوام بی جے پی کو اس کی اس زیادتی کیلئے ضرور سبق سکھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا یہ بیان کہ وزیراعظم کی طرف سے گجرات الیکشن کیلئے جو تاریخ تجویز کی جائے گی الیکشن کمیشن ان تاریخوں میں انتخابات کروانے تیار ہے، آئین کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معاشی ریڑھ کہلانے والی ریاستوں میں سے ایک گجرات بھی ہے۔ نوٹ بندی اور عوام دشمن جی ایس ٹی کی وجہ سے اس ریاست میں تاجر طبقہ پریشان ہے۔ اسی لئے وزیر اعظم اور امیت شا جو چاہے منصوبوں کا اعلان کرلیں ، لیکن بی جے پی گجرات میں کامیاب ہونے والی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 20سال کے دوران ملک میں فی کس رفتار ترقی کی شرح چار فیصد کبھی نہیں گری تھی، مودی حکومت نے اپنے ساڑھے تین سال میں ہی ملک کو تنزلی کی طرف ڈھکیل دیاہے۔ دنیا بھر میں بھوک کا شکار ممالک کی فہرست میں ہندوستان کا مقام 2014کے دوران 55واں تھا اس بار یہ گھٹ کر 100ویں مقام پر آچکا ہے۔ پچھلے ساڑھے تین سال کے دوران یہی مودی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام اب مودی کے جھوٹے وعدوں میں آنے والے نہیں ہیں۔ہماچل پردیش اور گجرات کے انتخابات میں جہاں بی جے پی کا صفایا ہوگا وہیں کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس اقتدار پر اپنا قبضہ برقرار رکھے گی۔ تعلیم صحت اور دیگر اہم شعبوں میں مودی حکومت کو پوری طرح ناکام قرار دے کر موئیلی نے کہاکہ وعدہ کیا گیاتھاکہ اقتدار ملتے ہی موثر لوک پال قانون لاگو کیا جائے گا۔ لوک پال قانون نافذ کرنے کیلئے احتجاج کرنے والے بابا رام دیو آج ملک کے ٹاپ دس ارب پتیوں میں ہیں۔ اسی طرح اس احتجاج میں شامل ہونے والے جنرل وی کے سنگھ کو مرکزی وزارت دے کر خاموش کردیا گیا اور کرن بیدی کو پانڈی چری کی گورنر بناکر بٹھا دیا گیا، پھر اس ملک میں لوک پال کہاں سے آئے گا ۔ چار سال قبل لو ک پال بل کیلئے آواز اٹھانے والے انا ہزارے اب دوبارہ اس قانون کیلئے آواز اٹھارہے ہیں اور انہوں نے بھی مودی سے توقعات وابستہ رکھنے کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کو بدنام کرنے کیلئے بی جے پی ایک بار پھر بوفورس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرانے پر زور دے رہی ہے لیکن جتنی بار چاہے جانچ کرالی جائے سچائی وہی رہے گی۔ 


Share: